کراچی ‘ آئی ایس او کی امریکا مخالف ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج‘ قونصلیٹ جانے سے روک دیا

283
کراچی:پولیس اہلکار نمائش چورنگی پر آئی ایس او کی ریلی پر شیلنگ کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) کی امریکا مخالف احتجاجی ریلی کو امریکی قو نصل خانے جانے روک دیا، ریلی امریکی صدر کے پاکستاں مخالف بیان پر احتجاجاً نکالی جا رہی تھی، پولیس نے شرکا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی، ہو ائی فائرنگ بھی کی گئی، کئی افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔دوسری جانب جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے نمائش مظاہرین پر لاٹھی چار، شیلنگ، تشدد اور گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو شاہ سے بڑھ کر شاہ کا وفا دار بننے کی کوشش اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے جذبات کے لیے پر امن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے مگر پولیس نے پرامن مظاہرین پر تشدد و گرفتاریاں کر کے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا۔



انہوں نے مطالبہ کیا کہ تشدد کا نوٹس اور گرفتار کارکنوں کو آزاد کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہر قائد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت امریکا مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ شرکا اعلان کے مطابق نمائش چورنگی پر ایم اے جناح روڈ سے امریکن قونصلیٹ تک جانا چاہتے تھے تاہم پولیس نے امریکی قونصلیٹ سے 10 کلو میٹر دور نمائش چورنگی پر ہی راستے بند کر دیے۔ ریلی کے نمائش چورنگی پہنچنے پر ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ اور ایس پی جمشید کوارٹرز رضوان نے ریلی کے رہنماؤں سے مذاکرات کی کوشش کی اور ان سے ریلی کو نمائش چورنگی تک محدود رکھنے کی درخواست کی تاہم پولیس اور رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔ مظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کر دی جس کے بعد مظاہرین گلی محلوں میں منتشر ہوگئے اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔



پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے، پولیس کے اس اقدام کے بعد مظاہرین مشتعل ہو گئے جس کے بعد مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا جبکہ کئی مظاہرین زخمی بھی ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ہو ائی فائرنگ بھی کی گئیاور متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مظاہرین پر اس وقت شلنگ کی گئی جب ان کی جانب سے ہونے والے پتھراؤ کے باعث ایس ایچ او ٹیپو سلطان زخمی ہو ئے۔ بعدازاں صوبائی حکومت کی ہدایت پر ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی ویسٹ ثاقب اسماعیل نے علامہ صادق رضا اورآئی ایس او کے دیگر رہنماؤں سے دوبارہ مذاکرات کیے جس کے بعد منتشر ہونے والے تمام مظاہرین دوبارہ نمائش چورنگی پر جمع ہوگئے اور دھرنا دے دیا۔ آئی ایس او کی ریلی کے باعث مائی کولاچی روڈ کو ٹریفک کیلیے بند کردیا گیا، جس کے باعث ٹریفک کا سارا دباؤ ایم اے جناح روڈ پر آگیا، ٹریفک جام ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔