آغاخان فاؤنڈیشن کی ملکیت حبیب بینک نیویارک شاخ پر 63کروڑ ڈالر جرمانہ‘دیوالیہ ہونے کا خدشہ

1013

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیویارک کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز کی کی جانب سے حبیب بینک نیویارک پر رازداری اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 63 کروڑ ڈالرز کا جرمانہ عاید کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں جرمانے کی رقم 67 ارب روپے کے قریب ہے‘ جرمانہ عاید ہونے کے بعد حبیب بینک نے نیویارک میں واقع اپنی واحد برانچ کے آپریشن کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بینک انتظامیہ نے نیویارک میں بینکوں کی ریگولیٹری اتھارٹی کے اس فیصلے کو بلاجواز اور جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ حبیب بینک پاکستان میں سرکاری ملکیت میں تھا جسے پرویز مشرف دور میں اونے پونے داموں آغا خان فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا تھا۔



نجکاری کے بعد سے حبیب بینک کو پاکستانی بینک کا درجہ حاصل نہیں رہا بلکہ اسے کراچی سے آپریٹ ہونے والے ملٹی نیشنل بینک کا درجہ دیا جاتا ہے‘ حبیب بینک کی نجکاری کا شمار پاکستان کے میگا اسکینڈلوں میں کیا جاتا ہے‘ حبیب بینک کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کے بارے میں نیویارک میں بینکنگ کی ریگولیٹری اتھارٹی گزشتہ2 سال سے تحقیقات کر رہی تھی‘ اس عرصے میں بینک کا آپریشن محدود کردیا گیا تھا جس کے تحت پیشگی اجازت کے بغیر بینک میں نئے اکاؤنٹ کھولنے پر پابندی لگا دی گئی تھی جبکہ بڑی ٹرانزیکشن کی نگرانی بھی کی جا رہی تھی۔



حبیب بینک کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ نیویارک میں برانچ بند کرنے کے اس کے فیصلے سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ حبیب بینک پر جرمانے کی خبر کے ساتھ ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بینک کے حصص میں10 روپے90 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی۔ ماہرین نے حبیب بینک پر جرمانے کی خبر کو پاکستان سے کام کرنے والے بینکوں کے لیے بُری خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثرات صرف بینکوں پر ہی نہیں ہوں گے بلکہ پاکستانی معیشت بھی اس سے متاثر ہوگی۔ نیویارک کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسزکا قیام 2011ء میں عمل میں آیا تھا۔



ان ہی الزامات کے تحت اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسزنے 2014ء میں اسٹینڈرڈ اینڈ چارٹرڈ بینک پر30 کروڑ ڈالر کا جرمانہ کیا تھا جو اس نے معافی مانگتے ہوئے اور اس جرم کا اعادہ نہ کرنے کے وعدے کے ساتھ ادا کر دیا تھا۔ ماہرین کے مطابق اگر حبیب بینک کو یہ جرمانہ ادا کرنا پڑا تو اس کے دیوالیہ ہونے کے خدشات ہیں۔