وزیر اعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہو گا

464
اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج بدھ کو اسلام آباد میں ہو گا‘ پاک امریکا تعلقات کے تناظر میں غیر معمولی فیصلے متوقع ہیں‘ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت بشمول قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے‘ وزیر خارجہ اور وزیر دفاع خارجہ امور اور قومی سلامتی کے بارے میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی تجاویز پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس خارجہ تعلقات کے حوالے سے امریکی دھمکیوں کے جواب میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے‘ پارلیمنٹ نے بھی حکومت کو سخت رد عمل کی سفارش کر دی ہے اس بارے میں باضابطہ طور پر سفارشات کا مسودہ تیار کیا گیا ہے



ان سفارشات کی روشنی میں حکومت کو پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے، فوری طور پر علاقائی اور دوست ممالک سے رابطے شروع کرنے اور روس، چین اور ترکی کی مدد سے امریکی پالیسی سے متعلق جوابی بیانیہ تیار کرنے کی تجویز دی گئی ہے‘ قومی سلامتی کمیٹی ان دوست و علاقائی ممالک سے رابطوں کے بارے میں اہم فیصلے کر سکتی ہے۔