مکہ مکرمہ؍اسلام آباد (اے پی پی؍آن لائن) فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد عازمین حجنماز فجر کی ادائیگی کے بعدلبیک اللھم لبیک کی صداؤں کی گونج میں آج مکہ مکرمہ سے منی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں سے 9ذی الحج بروز جمعرات کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات پہنچیں گے۔ میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کرنے اور مسجد نمرہ میں سعودی عرب کے مفتی اعظم کا خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگاجس میں اﷲ رب العزت کے حضور حجاج کرام ذکر و تسبیح کے ساتھ ساتھ خصوصی دعائیں کریں گے۔نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے۔ ایک ساتھ 20 لاکھ افراد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ پہنچ کر حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات کھلے آسمان تلے قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ میں قائم اپنے اپنے خیموں میں جائیں گے۔اس کے بعد حجاج قربانی کریں گے،بال منڈوائیں گے اور پھر احرام کھول دیں گے۔ پہلے دن شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج مکہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنا حج کے رکن اعظم میں شمار ہوتا ہےاور تینوں دن منیٰ میں رات کا ایک خاص پہر گزارنا تمام عازمین حج پر واجب ہے۔ تیسرے دن شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔12ذوالحجہ کومغرب سے قبل تمام حاجیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ مسجدحرام پہنچ کرطواف زیارت کریں اوراس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے ۔