اسلام آباد( خبرایجنسیاں ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نئی امریکی پالیسی کے بعد درپیش چیلنجز اور خطرات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایک ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو وجوابی حکمت عملی طے کرکے اگلے پیش کرے گی۔ 4گھنٹے طویل اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر دفاع خرم دستگیر‘وزیرداخلہ احسن اقبال‘وزیرخزانہ اسحاق ڈار‘چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ، ائر چیف مارشل سہیل امان اور مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کی اعلان کردہ پالیسی اور اس کے تناظر میں پاکستان کی نئی حکمت عملی پر غور کے علاوہ دوست ملکوں سے رابطوں اور سفارتی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو ڈی جی ملٹری آپریشنز نے پاک افغان سرحد کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیااوردہشت گردی کے خلاف آپریشنز پر بھی بریفنگ دی۔