عید سے قبل عوام کو حکومتی جھٹکا‘ ادویات اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

522

اسلام آباد (آئی این پی؍آن لائن )وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں2روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا اعلان کردیاجبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں کو آئندہ ماہ کے لیے پرانی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ مذکورہ اضافے کے ساتھ پیٹرول کی قیمت71روپے 50پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 2روپے35پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں75پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں12 روپے18پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15روپے79پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی



تاہم حکومت نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے صرف پیٹرول کی قیمت میں2روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیادوسری جانب وفاقی حکومت نے عید سے قبل عوام کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کر دیا ہے جو کہ فوری نافذ العمل ہوگا۔ ایک وفاقی وزیر نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں دی گئی، وزارت قومی صحت کی جانب سے پیش کی جانے والی سمری پر حیرت انگیز طور پر وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے اختلاف کیا مگر وزیراعظم نے ان کی وزارت کی سمری کو اہمیت دی اور کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ قیمتوں میں اضافے پر احتجاج ہوگا مگر ادویات کی قلت نہیں ہوگی،



ذرائع کا کہنا ہے کہ زندگی بچانے والی ادویات کی بھارت میں قیمتوں کے تقابلی جائزے کے بعد اضافے کا فیصلہ کیا گیا، رابطے پر ایک وفاقی وزیر نے اس کی تصدیق بھی کر دی اور کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہو چکا ہے ،زیادہ تر کینسر اور عارضہ قلب کے مریضوں پر قیمتوں میں اضافے کا اثر ہوگا۔