کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کی قیمتوں میں استحکام رہا

653

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا، عید الاضحی کی وجہ سے مال بردار ٹرکوں اور ٹرالوں کی کمیابی اور زیادہ کرایوں کے باعث کاروباری حجم نسبتا کم رہا۔ ہفتہ کے آخری دو دنوں کی تعطیلات اور بارشوں کی خبروں کی وجہ سے بھی جنرز اور ٹیکسٹائل ملوں نے کاروبار میں کم دلچسپی دکھائی ،کئی اور معاہدے عید کے بعد کی ڈیلیوری پر طے پائے۔ سندھ میں روئی کا بھا ؤفی من5900تا 6000روپے، پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 100 روپے کم ہوکر 2450تا 2750جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ 6050 تا 6100 روپے رہا جبکہ پھٹی کا بھا ؤ2500 تا 2750 روپے رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من50روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من5900روپے کے بھاؤ پر بند کیا، پنجاب کے سیکٹر زراعت نے کپاس کی درآمد پر ٹیکس بڑھانے اور پابندی عائد کرنے کی استدعا کی ہے



جبکہ اپٹماکا موقف ہے کہ پہلے بھارت سے وافر مقدار میں درآمد ہونے والے کاٹن یارن پر پابندی عائد کی جائے۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ امریکا میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والی ریاست ٹیکساس میں زبردست طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث کپاس کی فصل متاثر ہونے کی خبروں کی وجہ سے نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھا ؤچار امریکن سینٹ بڑھ کر 71 سینٹ ہوگئے جبکہ بھارت اور چین میں روئی کا بھاؤ مستحکم رہا۔ نسیم عثمان کے مطابق سندھ و پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں موجودہ بارشوں کے باعث فصل کو خطرہ بڑھ گیا ہے ۔،خصوصی طور پر صوبہ سندھ میں فصل تیاری کے مرحلے میں ہے اور صوبہ پنجاب میں بھی کئی علاقوں میں فصل تیار ہے اور بیشتر علاقوں میں پھول بٹیوں اور بوٹوں کے مرحلے میں ہے جس کی وجہ سے نقصان کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔