پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران 1400پوائنٹس کی کمی

212

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عید الاضحی کی تعطیلات کے باعث 4دن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے اور کے ایس ای100انڈیکس 1400سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کے باعث انڈیکس42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنو ا بیٹھا اور41200پوائنٹس کی پست ترین سطح پر بند ہواجبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے224ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 88کھرب روپے سے گھٹ کر86کھرب روپے پر آگیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ رواں کاروباری ہفتے کے دوران کاروبار کے آغاز سے ہی شدید ترین دباؤ کا شکار رہی ۔ کوئی نیا ٹریگر نہ ہونے اور عید الاضحی کی تعطیلات کے باعث سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں دلچسپی نہیں لی جبکہ منافع کی خاطر فروخت کا رجحان بھی غالب دیکھا گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ3دن مندی کا شکار رہی اور ان تین دنوں میں انڈیکس 1525.33پوائنٹس گھٹ گیا تھا تاہم ایک روزہ تیزی کی وجہ سے مارکیٹ نے90.57پوائنٹس کو ریکور کیا



اس طرح مجموعی طور پر مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں1434.76پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 42641.75 پوائنٹس سے گھٹ کر41206.99 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح1051.63پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30 انڈیکس 21002.90پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر ز انڈیکس 30239.78پوائنٹس سے کم ہو کر 29519.51پوائنٹس پر آگیا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 2 کھرب24 ارب41 کروڑ34لاکھ 2ہزار222روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 88 کھرب72ارب 56 کروڑ12 لاکھ 42 ہزار371روپے سے گھٹ کر86کھرب 48 ارب 14 کروڑ 78 لاکھ 40 ہزار149روپے رہ گیا۔ رواں ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 42641.75پوائنٹس کی بلند سطح کو چھونے میں کامیاب رہا تھا مگر مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس40841.67پوائنٹس کی کم ترین سطح تک بھی گر گیا تھا ۔



رواں ہفتے زیادہ سے زیادہ5کروڑ روپے مالیت کے7 کروڑ 5 لاکھ 59 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم7کروڑ روپے مالیت کے 13 کروڑ 20لاکھ99ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 1462کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔جس میں سے563 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،832میں کمی اور67کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ازگار ڈ نائن ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،سوئی سدرن گیس ،بینک آف پنجاب ،سوئی نادرن گیس ،عائشہ اسٹیل مل ،ڈی جی کے سیمنٹ ،پاک الیکٹرون ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،بینک الفلاح ،دیوان موٹرز ،انٹر نیشنل اسٹیل لمیٹڈ ،پاک ری انشورنس،یونائیٹیڈ بینک ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،اینگرو فرٹیلائزر ،فوجی فرٹیلائزر اور حب پاور کمپنی سرفہرست رہیں ۔