ملک، صوبے اور شہر کی بہتری اور ترقی کے لیے سوچا جائے‘میئرکراچی

166
میئر کراچی وسیم اختر گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کے بعد نیوی افسرسے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں اخوت، مساوات اور یکجہتی کا درس دیتا ہے ،پوری دنیا میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کرتے ہیں۔عیدالاضحی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے شہر کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں گے‘ہم یہ عہد کریں کہ نفرتیں ختم کریں گے اور سیاست سے بالا تر ہو کرملک، صوبے اور شہر کی بہتری اور ترقی کے لیے سوچا جائے‘ خواجہ اظہار الحسن پر ہونے والا قاتلانہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے، اس واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، آج ہم تہیہ کریں کہ ایک قوم ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے اور متحد ہو کر اپنے مسائل حل کریں گے۔یہ بات انہوں نے گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔



میئر کراچی نے کہا کہ عیدالاضحی پر ہمیں ان غریب افراد کا بھی خیال رکھنا چاہیے جو کسی وجہ سے عید کی خوشیوں میں شریک نہیں ہوسکے، خدا کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہمیں ایسے لوگوں کو بھی عید کی خوشی میں شریک رکھنا چاہیے ۔علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد کراچی کے غیرمعمولی حالات میں آلائشوں کو بروقت اٹھایا جانا انتہائی ضروری تھا، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے کاموں میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی مدد کی اور جہاں ضروری ہوا عملہ اور مشینری بھیج کر آلائشیں اٹھانے کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیااور مختلف علاقوں سے آلائشیں اٹھا کر انہیں سائنسی طریقے سے دفن کیا گیا۔



دریں اثناء میئرکراچی وسیم اختر نے عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے بنائے گئے ایمرجنسی سینٹر اور ضلع شرقی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔