سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست

275

کولمبو (جسارت نیوز )بھارت نے آخری ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سری لنکا کو 5میچوں کی سیریز میں 0-5 سے بدترین مات دے دی۔کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں بھارت نے 239 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی اور 9 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔کیدار یاد نے 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا، وِشوا فرنینڈو، ملنڈا پشپاکمارا اور ونِندو ہسارانگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 63 رنزکے مجموعی اسکور پر ہی اس کے3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔



تاہم پھر لاہیرو تھریمانے اور اینجلو میتھیوز نے 122 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بناتے ہوئے اسکور کو 185 رنزتک پہنچایا، پھر تھریما 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔سری لنکا کی 5ویں وکٹ محض 9 رنز کے وقفے سے گری اور اینجلو میتھیوز بھی 55 رنز بنا کر کلدیپ یاد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد سری لنکا کا کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا اور میزبان ٹیم آخری اوور میں 238 رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔سری لنکا کی آخری 7 وکٹیں صرف 53 رنز کے اضافے سے گریں۔بھارت کے بھونیشور کمار نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ کلدیپ یاد یووِندرا چاہل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے بعد سری لنکا کے کپتان اپل تھرانگا کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت ہے اور ہم عالمی معیار کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہے۔



بھارت کی 5 میچز کی دوسری غیر ملکی سیریز تھی جو اس نے وائٹ واش کی، قبل ازیں اس نے 2013 میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔یاد رہے کہ بھارت نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز بھی 0-3 سے کلین سوئپ کی تھی۔بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے ایک روزہ میچز میں 30 سنچریاں مکمل کرکے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کیا۔ان سے آگے بھارت کے عظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچز میں 49 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔سیریز کے آخری میچ میں مہندرا سنگھ دھونی نے بھی اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل اس وقت عبور کیا، جب انہوں نے اکیلا دننجیا کو چاہل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کرکے اپنے 100 اسٹمپ مکمل کیے۔دھونی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے وکٹ کیپر ہیں، جنہوں نے 99 اسٹمپ آؤٹ کرنے والے سابق سری لنکن وکٹ کیپر کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑا۔