جاں بحق بچہ ارسل خواجہ اظہار کا پڑوسی تھا

189
کراچی: پولیس پر حملے کے بعد مقتول بچے ارسل اور جاں بحق اہلکار کی میتیں عباسی شہید اسپتال میں رکھی ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) خواجہ اظہار الحسن پر حملے میں جاں بحق ہونے والا 14 سالہ ارسل مسجد سے اپنے والد کے ساتھ نماز پڑھ کر باہر نکلا تھا۔ بچہ ارسل خواجہ اظہار الحسن کا پڑوسی تھا اور واقعے کے وقت ارسل کا والد خواجہ اظہار الحسن سے عید مل رہا تھا اور مقتول قریب ہی کھڑا تھا کہ فائرنگ ہوگئی جس سے ایک گولی لگنے سے ارسل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا والد کامران زخمی ہوگیا۔ حملے میں جاں بحق ہونے والے کانسٹیبل محمد معین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے۔ مقتول نارتھ کراچی کا رہائشی تھا۔ عید کے روز مقتول کے گھر پر قربانی ہونی تھی اور اہل خانہ اور بچے اس کا انتظار کررہے تھے۔ واقعے کے بعد مقتول کے اہل خانہ اور بچے غم سے نڈھال ہوگئے۔