راولپنڈی (اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ملکی خوشحالی کے لیے اہم ہے‘ وطن عزیز اور عوام کی حفاظت میں عیدگزارنا بہترین عید ہے‘پاک فوج ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ جنرل باجوہ نے عید کا پہلادن پاک افغان سرحدی علاقے راجگال اور دوسرادن بلوچستان میں گزارا‘ جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کا پہلان دن پاک افغان سرحدی علاقے راجگال پر تعینات اپنے سپاہیوں کے ساتھ گزارا۔ آرمی چیف نے کہا کہ وطن عزیز اور اس کے عوام کے تحفظ کے لیے عید فرائض کی انجام دہی میں گزارنا ہمارے لیے بہترین عید ہے‘ پاکستان ہمارا جذبہ اور ہماری جان ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان کے لیے ہیں‘ ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں اور کوئی بھی ملک سے بالاتر نہیں‘ آئیں ہم سب مل کر پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنائیں۔
علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالاضحی کا دوسرا دن بلوچستان کے علاقوں تربت اور گوادر میں گزارا ‘حیات آباد میں شہید ہونے والے میجر جمال کے گھر گئے اور مقامی عمائدین سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ بلوچستان میں جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دوردراز اور مشکل علاقوں میں ہمارے فرائض اور کارکردگی ہی ہمارا فخر ہے‘ بلوچستان کی سیکورٹی اور ترقی بہت اہم ہے اس کے لیے پاک فوج ریاستی اداروں کے ساتھ اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی‘ بلوچستان کے تمام ترقیاتی منصوبے ان شاء اللہ مکمل ہوں گے۔