کارکنان جیت کیلیے دن رات ایک کردیں‘ مریم نواز

261
لاہور: مریم نواز ضمنی الیکشن کی تیاریوں حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہی ہیں

لاہو(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ کارکن این اے 120 میں جیت کے لیے دن رات ایک کردیں۔میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد لاہور سے خالی ہونے والی این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم زوروشور سے چلائی جارہی ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنی والدہ اور حلقے سے (ن) لیگ کی امیدوار کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلارہی ہیں جب کہ حلقے سے تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد بھی اپنی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں وفاقی وزیر پرویز ملک، میاں مرغوب اور خواجہ حسان سمیت دیگر نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں این اے 120 سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے بھی شریک تھے۔



اجلاس میں این اے 120 کے ضمنی انتخاب کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ جب کہ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں گھر گھر اور گلی گلی جاؤں گی، کارکن بھی حلقے میں جیت کے لیے دن رات ایک کردیں۔