اسلام آباد (اے پی پی) ملک بھر میں عیدالاضحی ہفتے کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی‘ملک کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں اورکھلے مقامات میں عید کے اجتماعات ہوئے‘ فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لاکھوں جانوروں کی قربان کی‘ علما کرام اور خطیبوں نے اپنے خطبات میں قربانی اور ایثار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں‘ صدر مملکت ممنون حسین نے عیدالاضحی کی نماز اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں ادا کی‘ صدر مملکت لوگوں میں گھل مل گئے اور عید کی مبارک دی ‘شاہد خاقان عباسی نے عید کی نماز وزیر اعظم ہاؤس کی مسجد میں ادا کی‘ لوگوں سے گھل مل گئے اور عید کی مبارک باد دی‘ اسلام آباد میں نماز عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے مشیروں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان، اعلیٰ افسروں اور ہزاروں کی تعداد میں عوام نے عید کی نماز ادا کی۔
پنجاب کے گورنر ملک رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس لاہور اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جاتی امرا میں عید کی نماز ادا کی۔ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں200 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے گورنر ہاؤس پشاور اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے آبائی شہر ضلع نوشہرہ میں عید کی نماز ادا کی۔ بلوچستان میں سیکڑوں مساجد، پارکوں اور کھلی جگہوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ طوغی روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ آزاد جموں و کشمیر میں عید کا مرکزی اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے نماز عید ادا کی جبکہ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے اپنے آبائی علاقے کوٹ مٹھی خان روالاکوٹ میں عید کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ۔
مختلف شہروں کی انتظامیہ نے عید کے تینوں روز کے دوران آلائشیں ٹھکانے لگانے کے خصوصی انتظامات کیے۔ ریڈیو ٹی وی اور دیگر نشریاتی اداروں نے عیدالاضحی کی مناسبت سے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جبکہ اخبارات میں قربانی کے فضائل اور احکامات کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن شائع کیے گئے۔