ملک بھر میں ٹریفک حادثات‘ خواتین ‘ بچوں سمیت 14افراد جاں بحق‘ 49زخمی

310
مظفرگڑھ : مسافربسوں کے تصادم میں جلنے والی بسیں

بدین/لنڈی کوتل/ٹوبہ ٹیک سنگھ/اوچ شریف/ مظفرآباد (خبر ایجنسیاں) ملک بھر میں ٹریفک حادثات کے باعث خواتین، بچوں سمیت18افراد جاں بحق جبکہ 49 زخمی ہوگئے‘ خیبر لنڈی کوتل میں گاڑی الٹنے سے2بچے اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بے قابو بس کی زد میں آکر 2 موٹر سائیکلوں پرسوار6 افراد ہلاک ہوگئے‘ اوچ شریف میں ٹینکر اور گاڑی کے درمیان تصادم سے 4خواتین اور مظفرآباد میں 2 بسوں میں ٹکر اور آتشزدگی سے 2 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بے قا بو بس نے2 موٹر سائیکل سوار کچل دیے جس کے باعث ایک ہی خاندان کے3 افراد سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے‘ گوجرہ پینسرہ روڈ پر تیز رفتار مسافر بس کا ٹائر پھٹ گیا اور بے قابو ہو گئی‘سامنے سے آنے والی2 موٹر سائیکلوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں محمد عابد، اس کی بیوی نازیہ عابد، ان کا کمسن بیٹا ابوذر جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار ذیشان شفیق، زاہدہ پروین اور قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ‘حادثہ کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔



اوچ شریف کے قریب قومی شاہراہ پر ایل پی جی ٹینکر اور گاڑی میں تصادم کے باعث4خواتین جاں بحق جبکہ 4 بچوں اور خاتون سمیت7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جنوبی پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں2 مسافر بسوں میں تصادم کے بعد ان میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں دونوں بسوں کے ڈرائیور جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز علی پور میں قومی شاہراہ پر ہیڈپنجند کے قریب تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہوکر دوسری سمت سے آنے والی بس سے جاٹکرائی‘ حادثے کے بعد دونوں بسوں میں آگ لگ گئی۔ اہل علاقہ اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مسافروں کو بسوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ خیبر لنڈی کوتل میں باراتیوں سے بھری گاڑی الٹنے سے2 بچے جاں بحق جبکہ 14افراد شدید زخمی ہو گئے‘ زخمیوں میں3 خواتین بھی شامل ہیں‘ زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے لیے ایجنسی ہیڈ کوارٹراسپتال پہنچا دیا گیا۔