نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری اور ای ایف یو حمایہ کے درمیان معاہدہ

612
صدر وسی ای او نیشنل بینک سعید احمد اور منیجنگ ڈائریکٹر ای ایف یو لائف انشورنس طاہر جی ساچک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان اعتماد اسلامی بینکاری اور ای ایف یو حمایہ کے درمیان تکافل پروڈکٹس کی فروخت کے لیے مفاہمتی یادداشت طے پائی ہے جس پر این بی پی کے مرکزی دفتر میں دستخط کیے گئے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی اس تقریب کو ’شراکت داری کا قیام‘ نام دیا گیا۔اس تقریب میں نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد اور ای ایف یو لائف انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر جی ساچک اور دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اس معاہدے کے تحت ای ایف یو حمایہ کا نمائندہ ملک بھر میں این بی پی شاخوں کے ذریعے این بی پی کے کسٹمرز کو تکافل پروڈکٹس فروخت کرے گا۔ تکافل شریعت کے مطابق روایتی انشورنس کا متبادل ہے جس میں اراکین اپنی رقم ایک پولنگ سسٹم میں جمع کراتے ہیں جو تمام اراکین کو انفرادی خسارے اور نقصان سے تلافی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔



مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹوآفیسر، سعید احمد نے اسلامی مالی صنعت کی ترقی کے لیے شریعت سے مطابقت رکھنے اورروایتی انشورنس کے متبادل کے طور پرتکافل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ای ایف یو لائف انشورنس کے ساتھ ہمارے طویل المیعاد کاروباری روابط ہیں۔ ؂انہوں نے واضح کیا کہ انشورنس انڈسٹری کے بارے میں بڑی تشویش دباؤ کے ذریعے فروخت ہے جس میں انشورنس ایجنٹس اپنے اہداف پورے کرنے کے لیے اپنی پروڈکٹس فروخت کرنے کے لیے کسٹمرز پر دباؤ ڈالتے ہیں۔ انہوں اس بات کا خاص طور پر تذکرہ کیا کہ ایسے طریقہ کار کو نیشنل بینک کی شاخوں میں استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے زوردے کر مزید کہا کہ این بی پی اور ای ایف یو کے درمیان یہ شراکت داری ہمار ی اپنے معزز کسٹمرز کے ساتھ بھی طویل المیعاد شراکت داری قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔



سعید احمد نے این بی پی کی جانب فیسوں کے ذریعہ بزنس پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ اسی صورت میں کامیاب ہوسکتا ہے جب ہمارے عملے کی کارکردگی کا معیار کلائنٹس کی توقعات سے بڑھ جائے۔ انہوں سیلز ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ کسٹمرز کے ساتھ محض ایک ٹرانزیکشن کرنے کی بجائے طویل المیعاد روابط قائم کریں ۔ای ایف یو لائف انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر، طاہر جی ساچک نے کہا ،’’بینکاتکافل شریعت سے مطابقت رکھنے والی مارکیٹ میں نئے باب کا آغاز ہے اور انڈسٹری میں ایک حکمت عملی کے تحت داخل ہونے کا ایک ذریعہ بھی ہے جس نے خود پاکستان میں حیرت انگیز ترقی کی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اعتماد کے نئے پلیٹ فارم کے ذریعے نیشنل بینک کی اعتماد اسلامی بینکاری کے ساتھ ہماری اعلیٰ معیار کی خدمات کاروباری کے طویل عرصہ تک جاری رہنے کا باعث بنے گی۔‘‘



اس موقع پر نیشنل بینک میں ہیڈ آف اسلامی بینکاری، خواجہ محمد امین الزماں نے بتایا کہ ’’بینکاتکافل کے انتظامات نیشنل بینک آف پاکستان کو اپنے کسٹمرز کی فیملی تکافل کی ضروریات پوری کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ’’اس شراکت کے ذریعے ہم ایک ممتاز انشورنس کمپنی کی مہارت کو اپنی شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ جوڑیں گے تاکہ اپنی برانچوں کے کسٹمرز کو ان کی فیملی تکافل کے ضروریات کے لیے باسہولت حل پیش کر سکیں۔‘‘مفاہمتی یادداشت پر نیشنل بینک کی جانب سے سینئر وائس پریزیڈنٹ، سرفراز احمد اور ای ایف یو لائف انشورنس کی جانب سے اس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، طاہر جی ساچک نے دستخط کیے۔