روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف قومی کرکٹرز بھی بول پڑے

380

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میانمرمیں روہنگیا مسلمانوں پر جاری ریاستی ظلم و زیادتی کے خلاف پاکستانی کرکٹرز بھی میدان میں آگئے اور ان میں سب سے آگے بوم بوم آفریدی ہیں۔پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی میانمر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف بول پڑے، سوشل پر جاری اپنے پیغام میں شاہدآفریدی نے میانمر (برما) میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر افسوس کا اظہار کیا۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ مجھے برما میں مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر شدید صدمہ ہوا، متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔اس کے علاوہ پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔



اپنے پیغام میں اظہر علی نے کہا کہ عالمی برادری کو کسی بھی قسم کے غیر انسانی عمل پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ برما میں رونما ہونے والے سانحے پر انتہائی غمگین ہیں اور ان کی دعائیں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے میانمر میں آباد روہنگیا مسلمانوں کو ریاستی جبرکا سامنا ہے ۔، حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد اب تک متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 75 ہزار سے زائد افراد بنگلا دیش ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں۔