آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی بس پر پتھراؤ‘کھلاڑی محفوظ رہے

366

ڈھاکا (جسارت نیوز) آسٹریلیا میں کرکٹ کے امور چلانے والے ادارے کرکٹ آسٹریلیا نے بنگلا دیش میں بس پر پتھراؤ کے واقعے کے باوجود دورہ بنگلا دیش کے دوران سیکورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو لے جانے والی بس پر ایک پتھر لگا تھا جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تھے، تاہم گاڑی میں سوار ٹیم کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ رہے۔کرکٹ آسٹریلیاکے سیکورٹی منیجر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم چٹاگانگ میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام کے بعد واپس ہوٹل آرہی تھی کہ اس دوران راستے میں ایک پتھر گاڑی کے شیشے پر لگا جس سے شیشہ ٹوٹ گیا۔ٹیم کی سیکورٹی پر مامور اہلکار مقامی حکام سے رابطے میں ہیں اور اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔



کرکٹ آسٹریلیاکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بنگلا دیشی حکام اس واقعے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بنگلا دیشی حکام کی جانب سے آسٹریلوی ٹیم کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مطمئن ہیں۔چٹاگانگ پولیس کے کمشنر محمد اقبال بہار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم کی سیکورٹی پر مامور پولیس وین سے ٹکرا کر ایک پتھر ٹیم کی گاڑی کے شیشے پر لگا، تاہم اس واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔