مجلس وحدت مسلمین کا ’حمایت مظلومین تحریک ‘شروع کرنے کا اعلان 

408
پریس کلب: مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی پریس کانفرنس کر رہے ہیں (فوٹو: جسارت)

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں 8ستمبر سے ’’حمایت مظلومین تحریک‘‘ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لیے مسلم ممالک اپنا موثر کردار ادا کریں۔ حکومت پاکستان برما کے سفارتکار کو طلب کرکے سخت احتجاج کرے اور اگر برما کی حکومت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث شر پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرے تو اسلامی ممالک کو طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی او ر علامہ اظہر حسین نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔



اس موقع پر علامہ مبشر حسن ،علامہ صادق جعفری اور میر تقی ظفر بھی موجود تھے۔علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ میانمار میں جاری مسلم نسل کشی پراقوام متحدہ،او آئی سی ، مسلم ممالک اور عالمی قوتوں کی خاموشی بدترین بے حسی ہے۔ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ برمی حکومت کی سرپرستی میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے۔رواں ماہ میں انسانیت سوز مظالم نے جو شدت اختیار کی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال پر سامراجی طاقتوں کی یہ دانستہ چشم پوشی امت مسلمہ سے متعصبانہ رویے کا برملا اظہار اور قابل مذمت ہے۔