میانمر مظالم: سینیٹ ،قومی و صوبائی اسمبلیوں میں قراردادیں اور تحاریک التوا جمع

508
راولپنڈی، بہاولپور‘ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے

اسلام آباد/لاہور(صباح نیوز+نمائندہ جسارت) روہنگیا مسلمانوں پرجاری ظلم و ستم کیخلاف قومی و صوبائی اسمبلیوں اورسینیٹ میں مختلف قراردادیں اور تحاریک التوا جمع کرائی گئی ہیں۔جماعتِ اسلامی پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ نے میانمر میں روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف تحاریک التواء،قرارداد زیر قاعدہ218,259 ,توجہ مبذول کرانے کے نوٹسز سینیٹ اور قومی اسمبلی میں جمع کرادیے ہیں۔ سینیٹ میں تحریکِ التوا ،تحاریک زیر قاعدہ 218 ،توجہ مبذول کرانے کا نوٹس سینیٹر سراج الحق جبکہ قومی اسمبلی میں صاحبزادہ طارق اللہ، صاحبزادہ محمد یعقوب ،شیر اکبر خان اور عائشہ سید نے تحاریک التواء جمع کرائی ہیں۔ تحاریکِ التوا میں الیکٹرونک،پرنٹ اور سوشل میڈیاکی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میانمر ،روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ہزاروں گھر جلا دیے گئے ہیں جبکہ بچوں، خواتین اور مردوں سمیت سیکڑوں مسلمانوں کو انتہائی بے دردی سے شہید کر دیا گیا ہے۔



ایک ہفتے کے دوران 90ہزار سے زائد بنگلا دیش کی طرف نقل مکانی کر نے پر مجبور کر دیے گئے ہیں۔برمی فورسز کی جانب سے مسلمانوں کے سر قلم کیے جارہے ہیں اور ان کی لاشوں کو جلایا جارہا ہے ۔شدت پسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ تو ڑے جارہے ہیں۔مذکورہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان حالات میں حکومت پاکستان کو جس طرح کردار ادا کرنا چاہیے تھا جو نہیں کیا گیا ۔سینیٹ میں جے یو آئی (ف)کے حافظ حمد اللہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ، ایوان میں معمول کی کارروائی روک کر برما میں مسلمانوں پر مظالم کے واقعات پر بحث کرائی جائے۔ایم کیو ایم کی جانب سے سینیٹر شیخ عتیق نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف تحریک التوا سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔



ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے ۔قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی قراداد میں حکومت پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کو موثر انداز سے اجاگر کرنے اور روہنگیا مسلمانوں کو انسانی بنیادوں پر بہترین مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے میانمر میں روہنگیا کے مسلمانوں کے وحشیانہ قتل اور ان کیے جانے والے مظالم کے حوالے سے تحریک التوا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر مذمتی قرارداد جمع کرائی، پی ٹی آئی کی جانب سے خرم شیر زمان اور ثمرعلی خان نے مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔