برما میں مسلمانوں کا قتل: سندھ اور پنجاب میں وکلا تنظیموں کی ہڑتال

873
کراچی: برما میں مظالم کیخلاف وکلا احتجاج کررہے ہیں

کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ اے پی پی)برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف سندھ اور پنجاب بھر میں وکلا تنظیموں نے منگل کو ہڑتال، احتجاجی ریلیاں اورعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، وکلا بارز نے بار رومز میں مذمتی اجلاس منعقد کیے جس میں برمی مسلما نو ں پر مظالم کے خلا ف متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں، برما کے سفیر کو ملک بدر کرنے سفارت خانہ بند کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی بار کی جانب سے جنرل باڈی اجلاس میں برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف قرارداد بھی منظور کی گئی۔ وکلا کا کہنا تھا کہ قرارداد اقوام متحدہ، برمی حکومت اور عالمی اداروں کو ارسال کریں گے۔ اجلاس میں خطاب میں کراچی بار کے صدر نعیم قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلیے عالمی سطح پر کردار ادا کرے۔ وکلا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم فنڈ جمع کرکے برما کے مسلمانوں کو بھیجیں گے۔



علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سپریم کو رٹ با ر ، ہا ئیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کی جا نب سے بھی احتجا جی ریلی نکا لی گئی جس میں تما م بارز ایسو سی ایشن کے نما ئندوں اور وکلا ء کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔ وکلا تنظیموں نے بارز میں مذمتی اجلاس منعقد کیے جس میں برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی گئیں۔ سپریم کو رٹ با ر ایسو سی ایشن کے سیکرٹری آفتاب باجوہ ، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی، سیکرٹری عامر سعید راں، لاہور بار کے صدر چودھری تنویر احمد اور وکلا رہنماؤں سمیت دیگر وکلا نمائندوں نے کہا ہے کہ تما م وکلا برادری برما کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مطا لبہ کرتی ہے کہ برما کے سفیر کو پاکستان سے باہر نکا لا جائے اور برما سفارت خا نہ بند کر کے تا لا لگا دیا جائے۔