برکس اعلامیہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے‘ جاوید قصوری

286
لاہور،قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیان کہ ’’عالمی طاقتیں اپنی ناکامیوں کا ذمے دارہمیں نہ ٹھہرائیں‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا۔ اتنی قربانیاں خود امریکا نے دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں نہیں دیں جتنی پاکستان کے عوام نے دی ہیں۔ پوری قوم حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ کشکول اٹھا کر قرض اور امداد لینے کا سلسلہ بند کیا جائے اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے دنیا میں ملک و قوم کی عزت میں اضافہ اور وقار بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ دشمن چاروں طرف سے حملہ آور ہیں، ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔



جماعت اسلامی برکس اعلامیہ اور ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان و پاکستان پالیسی کو مسترد کرتی ہے اور اسے حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی تصور کرتی ہے۔ دنیا پاکستان کے بارے میں ناروا رویہ تبدیل کرے۔ جنرل پرویز مشرف کے بزدلانہ اقدامات نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پرویز مشرف کی ناکام پالیسیوں سے پاکستان میں بدترین دہشت گردی کا آغاز ہوا جو آج تک جاری ہے۔ نائن الیون کے واقعے سے قبل پاکستان میں خود کش حملوں کا تصور بھی نہیں تھا۔ ملکی حالات بہت بہتر تھے اور امن وامان کی صورتحال بھی تسلی بخش تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیا جاتا خطے میں جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔



بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ ڈالے۔ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ ہمیں خود دار قوم بن کر درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔