اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی )ایئرچیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا بلکہ انہیں مشعل راہ بنا کر قومی سالمیت وخودمختاری کو بہر صورت یقینی بنایا جائے گا،دنیا ہماری کامیابیوں کو تسلیم اور بے تنقید سے باز رہے ۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئرچیف مارشل سہیل امان نے جمعرات کے روز یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ملک کی سالمیت وخودمختاری کے لیے پاک فضائیہ کے جوانوں نے بیش بہا قربانیاں دیں اور ان قربانیوں کے باعث فضائیہ کے شہدا اور غازی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ایئرچیف نے کہا کہ عوام اور پاک فضائیہ کے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا بلکہ جس طرح شہدا نے قربانیاں دیکر ملک کی سالمیت کو یقینی بنایا بالکل اسی طرح ہم بھی ملک کی سالمیت وخودمختاری اور آزادی کو ہرصورت یقینی بنائیں گے اور دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔
ایئرچیف سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ضرب عضب آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا اور دہشت گردوں کی کمر توڑدی،دنیا ہماری کامیابیوں کو تسلیم کرے اور بے جا تنقید سے باز رہے۔سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ موجودہ درپیش چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں اور ملک کی فضائی حدود کی حفاظت،سلامتی وخودمختاری اور آزادی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جسے بہر صورت ممکن بنائیں گے چاہے اس کے لیے ہمیں اپنی جانیں نچھاور کیوں نہ کرنی پڑیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں یوم فضائیہ اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کا تحفظ کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے تمام ایئر بیسز پر ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جنہوں نے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداکے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے ہوا۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے۔ یوم فضائیہ کے دن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نشان حیدر پانے والے راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے جوانوں کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کی قبر پر سلامی دی۔