وفاقی کابینہ کا اجلاس‘ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف مذمتی قرار داد منظور‘ میانمر حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ

404
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان نے میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے برما کی حکمران آنگ سان سوچی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مسلمانوں کے خلاف ظلم و زیادتی کا سلسلہ رکوائیں۔اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے ،میانمر میں براہ راست ریاستی اداروں کی سرپرستی میں خواتین و بچوں سمیت بے گناہ روہنگیا مسلمانوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ نہتے شہریوں کے خلاف سفاکانہ اقدامات نہ صرف ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہیں بلکہ دنیا بھر کی قوموں اور برادریوں کے ضمیر پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔



قرارداد میں نوبیل انعام یافتہ آنگ سان سوچی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ میانمر میں ہونے والے ظلم و زیادتیوں کے سلسلے کو فوری طور پر رکوائیں کیوں کہ ملک میں ان کی سیاسی جماعت کی حکومت ہے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے آگے بڑھ کر ٹھوس اقدامات کرے۔دریں اثنا کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان افغان قیادت کی امن کے قیام کے لیے سیاسی مفاہمت کی حمایت کرتا ہے۔وفاقی کابینہ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق قائم کمیشن کی مدت میں مزید 3برس کی توسیع کی منظوری بھی دی۔