ورلڈ الیون دورہ پاکستان‘ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم ہوگا

284
لاہور : صوبائی وزیر سلمان رفیق عارضی اسپتال کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 

لاہور (جسارت نیوز)صوبائی وزیر ا سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی ا سٹیدیم میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کے ہمراہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے قائم ہونیوالے عارضی ہسپتال کی مجوزہ جگہ کا الگ الگ معائنہ کیا، اس موقع پر ا سپورٹس بورڈ پنجاب اور محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے، صوبائی وزراء کو بریفنگ دی گئی کہ عارضی ہسپتال 20بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں آپریشن تھیٹر بھی شامل ہے، صوبائی وزیر ا سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور محکمہ صحت کے حکام کے ہمراہ عارضی ہسپتال کیلئے مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا،



صوبائی وزیر نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلئے سکیورٹی، صحت اور دیگر سہولتوں کے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں، انشاء اللہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کامیاب ہوگا جس کے بعد پاکستان میں معمول کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی اور شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ نے بھی نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم میں قائم ہونیوالے عارضی ہسپتال کی جگہ کا معائنہ کیا۔