خطے میں امن کی بربادی کا ذمہ دار بھارت ہے‘ ذکراللہ مجاہد

468
لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ خطے کے امن کی بربادی کا ذمہ دار نام نہاد جمہوریت اور انسانیت کا علمبردار بھارت ہے جو کشمیر کے بعدخطے کے مسلمانوں کیلیے پریشانی اور مشکلات پیدا کر رہا ہے اور اس کی پشتی بانی امریکہ ، اسرائیل اور اسلام دشمن قوتیں کر رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے کے امن و استحکام کیلیے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ خطے کے باشندے بھارتی دہشت گردی سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سی پیک منصوبہ شروع ہوا ہے بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ۔بھارت پاکستان میں امن اور ترقی کو برداشت نہیں کر پا رہا ۔اس پر عالمی طاقتوں اور خاص کر اقوام متحد اور دیگر عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھارتی ریاستی دہشت کو روکنے کیلیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔



انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بھارت کے حوالے سے ملکی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ، کمزور پالیسیوں کی بنا پر آج ملک میں بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی ’’را‘‘کے ایجنٹ ملک میں دہشتگردی کر رہے ہیں اور بھارتی فوج کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسی “را” کا مقصد پاکستان میں مختلف لسانی گروہوں ،مذہبی مکاتب فکر کو لڑانا اور ملک کو سیاسی ، معاشی اور معاشرتی عدم استحکام کا شکار کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران حوش کے ناخن لیتے ہوئے بھارت کے ساتھ کشمیر اوراندرونی مداخلت پر ملکی خارجہ پالیسیوں میں تبدیلی کریں اوربھارت کے ساتھ دلیرانہ اور دو ٹوک موقف اختیار کریں۔