وزیراعظم کا آپریشنل ائر بیس کا دورہ، تیاریوں کا فضائی جائزہ لیا

408
وزیراعظم ائر بیس میں جوانوں سے خطاب کررہے ہیں۔ چھوٹی تصویر میں شاہد خاقان آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایف 16طیارے میں بیٹھے ہیں

اسلام آباد (آ ئی این پی/ اے پی پی ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاک فضائیہ کے فضائی مشن میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی وزیرعظم بن گئے ۔ ہفتے کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ائر بیس کا دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا اورپاک فضائیہ کے اعلیٰ حکام نے بریفنگ دی اس موقع پر وزیراعظم نے پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ اڑا کر فضائی مشن میں حصہ لیا اور ان کے ساتھ دوسرے طیارے میں ائر چیف سہیل امان نے بھی مشن میں حصہ لیا۔ وزیراعظم نے نئے قائم کیے گئے ائر پاور سینٹر آف ایکسیلینس (اے سی ای) کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے شاہد خاقان عباسی پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے پاک فضائیہ کے فضائی مشن میں حصہ لیا۔



مشن سے واپسی پر وزیر اعظم نے فضائی اور زمینی عملے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کیلیے جوانوں کے جذبے کو سراہا اورآپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ دیگر خدمات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اے سی ای ایک مثالی ادارہ ہے جوجدید ترین سہولتوں اور انفرا اسٹرکچر سے لیس ہے۔ پی اے ایف جوانوں کو تربیت دینے کے علاوہ اس ادارے میں دوست ممالک کی ائر فورسز کے جنگی عملے کو تربیت دی جائیگی۔