راولپنڈی(صباح نیوز)کورکمانڈر راولپنڈی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی کسی بھی خلاف ورزی کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کنٹرول لائن پر بٹل اور دوراندی سیکٹرز کا دورہ کیا اوروہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں اور اگر دوبارہ بھارت کی جانب سے کنٹرول پر کوئی جارحیت ہوئی تو اس کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔