راولپنڈی (جسارت نیوز )آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) نے روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام اور نسل کشی کے خلاف ، کشمیری و فلسطین کے بے گناہ شہریوں پر مظالم اور پاکستان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے خلاف راولپنڈی مری روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی اور امریکی صدر اور برما کے سفاک جنرل کے پتلے نذرِ آتش کیے۔ احتجاجی ریلی ڈویژنل صدر وصوبائی نائب صدرایپکا پنجاب چودھری مبشر احمد کی زیرِ قیادت محکمہ تعلیم کے مرکزی دفتر سے نکالی گئی ،محکمہ تعلیم ، زراعت ، جنگلات ، میونسپل کارپوریشن ، محکمہ ہیلتھ، پولٹری ، و زرعی انجینئرنگ اور محکمہ آبپاشی کے سیکڑوں کلرکوں و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کا آغاز ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن مری روڈ سے ہو ا جس میں ایپکا رہنماؤں ملک عدالت حسین، چودھری ظفر علی بلو مرکزی پریس سیکرٹری، راجا آفتاب احمد صدر ایپکا محکمہ تعلیم ضلع راولپنڈی ، نذیر زادہ خان، راجا شاہد محمود اور چودھری ریاض ودیگر رہنما شامل تھے،
جبکہ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز ، کتبے اور بڑے بڑے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برما کے مسلمانوں پر ڈھائے گئے مظالم کی تصاویراور ان کے خلاف مذمتی نعرے ، امریکی صدڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان کے خلاف مذمت اور برما کی صدر آنگ سان سوچی کے نوبل انعام کی واپسی کے مطالبات درج تھے۔ لیاقت باغ چوک مری روڈ پر میں امریکی صدر اور آنگ سان سوچی کے پتلے نذرِ آتش کیے گئے۔ اس موقع پرکلرکوں نے امریکا ، بھارت اور برما کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی ۔اس موقع پرمظاہرین نے مری روڈ بلاک کر دی ۔بعد ازاں مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے راولپنڈی پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں ایپکا کے قائدین نے اقوامِ متحدہ اور او آئی سی کے کردار کی بھرپور مذمت کی۔
مرکزی پریس سیکرٹری ظفر علی بلو اور چودھری مبشر احمد نے خطاب کیا اور اس موقع پر قرارداد کے ذریعے حکومتِ سے مطالبہ کیا کہ برما کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کیے جائیں اور برمی سفیر کو فور ی طور پر ملک بدر کیا جائے ۔برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے، برمی صدر آنگ سان سوچی کا امن نوبل انعام واپس لیا جائے۔ علاوہ ازیں یہودیوں اور ہندوؤں کی پروردہ اقوامِ متحدہ کی بے حسی اور مسلمان دشمنی پر نوٹس لیا جائے اور بھارت و امریکا کی پاکستان کے خلاف مہم جوئی کا ہر سطح پر جواب دیا جائے۔ خطاب کے بعد کلرک مظاہرین اور شرکا ریلی پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔