ڈی جی اسپورٹس کا کنٹرول روم کا دورہ‘انتظامات کا جائزہ لیا

233
لاہور: ڈی جی اسپورٹس پنجاب آزادی کپ کے حوالے سے قائم کیے گئے کنٹرول روم کا دورہ کررہے ہیں 

لاہور(جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی سیکورٹی کے حوالے سے پیر کے روز نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں انتظامات کا جائزہ لیا، میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی فول پروف سیکورٹی کے لیے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں 92سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، کمپلیکس کا کوئی بھی کونہ کیمرے کی آنکھ سے اوجھل نہیں ہے، قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر ایک ایک شخص کیمرے کے سامنے ہوگااور اس کی ہر حرکت سیکورٹی اہلکاروں کی نظر کے سامنے ہوگی، انہوں نے بتایا کہ لیسکو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر 15ستمبر تک نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی،



اس کے علاوہ بھی اسپورٹس بورڈ پنجاب نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے متبادل انتظامات کیے ہیں جن میں جنریٹرز اور یوپی ایس شامل ہیں جن کا بیک اپ 15 گھنٹوں کا ہے، ذوالفقار احمد گھمن نے مزید بتایا کہ نیشنل ہاکی اسٹیدیم میں ایمر جنسی رسپانس سنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر حرکت میں آجائے گا، اس کے علاوہ 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال بھی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں قائم کردیا گیا ہے جس میں آپریشن تھیٹر اور بلڈ بنک بھی ہے۔ ، عارضی ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے فرائض سرانجام دینا شروع کردیئے ہیں، ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور ہم پرامید ہیں کہ ورلڈ الیون کا دورہ بہت کامیاب ہوگا جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا اور پاکستان کیلئے انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے کھلیں گے۔