پاکستان اور ورلڈ الیون کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا‘ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کھڑکی ثابت ہوگا‘ نجم سیٹھی

525
لاہور: پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور آئی سی سی کے ڈائریکٹر جائلز کلارک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں 

لاہور (رپورٹ :وزیر علی قادری) ملک میں ساڑھے 8 سال کے طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ آج لگے گا‘ پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا‘ میچ مقامی وقت کے مطابق رات7بجے شروع ہوگا‘ سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی میلہ سج گیا۔ 7ممالک کے جگمگاتے کرکٹ اسٹارز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی مشن پر لاہور پہنچ گئے۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان منگل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میلہ لاہور میں ہوگا۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی پی سی بی نے میچز دیکھنے کی دعوت دے رکھی ہے۔اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ پولیس، فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔ کمانڈوز بھی حفاظتی انتظامات میں شامل ہیں۔



آزادی کپ کے مزید 2میچز بدھ اور جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔پاکستانی شائقین کرکٹ کا 8 سالہ انتظار بلآخرختم ہوگیا۔ پرستار ہوم گراؤنڈ پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کا نظارہ کریں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو آفیشل قرار دیا ہے۔ ایوارڈ یافتہ ایلیٹ پینل امپائرعلیم ڈار ہوم گراؤنڈ پر طویل مدت بعد میچ سپروائز کریں گے۔ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ پہلے میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ میچز کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے شائقین کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچز پاکستان کیلئے عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے کھڑکی ثابت ہونگے‘ سری لنکا، ویسٹ انڈیز کے بعد جنوبی افریقا کو بھی دعوت دینگے،



دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتی‘ ورلڈ الیون کے میچ منعقد کرانے میں آئی سی سی نے اہم کردار ادا کیا‘ غیر ملکی کھلاڑیوں کے مشکور ہیں کہ وہ پاکستان آئے‘ پاکستان میں عالمی میچز کا انعقاد ہمارے لیے صرف میچ ہی نہیں بلکہ بہت کچھ ہیں‘ پاکستان کے کرکٹ شائقین بھرپور کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے‘ یہ سب کچھ پاکستانی قوم کی دعاؤں سے ممکن ہوا ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ورلڈ الیون کے میچ منعقد کروانے میں آئی سی سی نے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان میں ورلڈ الیون کے میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے مشکور ہیں کہ وہ پاکستان آئے۔ مختلف ملکوں کے اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے پر شکر گزار ہیں۔ پاکستان کے کرکٹ شائقین بھرپور کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے۔ پاکستان میں عالمی میچز کا انعقاد ہمارے لیے صرف میچ ہی نہیں بلکہ بہت کچھ ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو میچ دیکھنے کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔



نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کی عوام کے لیے آج کا دن نہایت خوش آئند ہے۔ اینڈی فلاور نے ورلڈ الیون کو اکٹھا کرنے میں بھرپور کام کیا یہ سب کچھ پاکستانی قوم کی دعاؤں سے ممکن ہوا۔ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد میں میڈیا اور عوام نے حوصلہ بڑھایا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ سال بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے بہت کچھ ہوگا۔ دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتی ۔انہوں نے کہا کہ دورہ ورلڈ الیون سے باقی ٹیموں کو بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی، یہ ایک کرکٹ سیریز نہیں بلکہ تاریخی موقع ہے۔ امید ہے جنوبی افریقا کی ٹیم دورہ پاکستان کریگی۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ زمبابوے نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھولے اور وہ ایک پھر دورہ پاکستان کیلئے تیار ہے،



اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی سی سی جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں حکومت اور عوام کا اہم کردار ہے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑا۔ پی سی بی اور رمیز راجہ کی کوششوں سے پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011 سے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے پاکستان کے تمام ادارے سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے پر قابل تعریف ہیں۔ بہترین سکیورٹی مہیا کرنے پر پاکستان کے تمام اداروں کے شکر گزار ہیں۔ جائلز کلارک نے کہا کہ امید ہے عوام کی بڑی تعداد ورلڈ الیون کے میچز دیکھنے کے لئے آئے گی۔ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔ اینڈی فلاور کی کوششوں سے ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ممکن ہوا۔ پاکستان نے سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لئے بہت سرمایہ لگایا اور قربانیاں دیں۔



جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستانی ٹیم غیر معمولی ہے،پاکستان ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک بنا اور چیمپئنز ٹرافی جیتی، پاکستان کی حالیہ کارکردگی بہت شاندار رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا پی ایس فائنل لاہور میں کرانا پی سی بی کی کامیابی ہے، جائلز کلارک نے کہا یہ صرف کرکٹ نہیں بلکہ اس سے کہیں اوپر ہے، پاکستانیوں کا اتحاد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا پاکستانی اپنے میدانوں میں کرکٹ چاہتے ہیں اور انہیں کرکٹ سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ جائلز کلارک نے مزید کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، امید ہے دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ انہوں نے کہا سری لنکا بھی پاکستان آ رہی ہے، ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کریگی۔