لیاقت بلوچ کی ہاکس بے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت 

425
کراچی: جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ‘ نائب امیر اسداللہ بھٹو‘ حافظ نعیم اور دیگر شادمان اور نارتھ کراچی میں سانحہ ہاکس بے کے مرحومین کیلیے فاتحہ خوانی کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ ،نائب امیر اسد اللہ بھٹو اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی کارکنوں کے ساتھ سانحہ ہاکس بے کے سوگوار خاندانوں کے گھروں پر جا کر ان کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے ملاقات،دلی ہمدردی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔لیاقت بلوچ شاد مان ٹاؤن میں رہائش پذیر سعود کے گھر گئے اور ان کے بھائی شبلی اورآصف اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی ۔سعود اور ان کی بیٹی اور بیٹا سمندر کی لہروں میں ڈوب کر اپنی زندگی ہار بیٹھے ۔لیاقت بلوچ سیکٹر 9نارتھ کراچی میں محمد جمیل کے گھر بھی گئے جن کے 4 جواں سال صاحبزادے لقمہ اجل بنے ۔لیاقت بلوچ نے محمد جمیل کی رہائش گاہ پر موجود دیگر اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی۔اس مو قع پر سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،ضلع شر قی کے امیر یونس بارائی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، مرکزی میڈیا کوآرڈی نیٹر سرفراز احمد ،نارتھ ناظم آباد زون کے امیر اویس یاسین دیگر ذمے داران اور کارکنان بھی موجود تھے ۔



جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مر حومین کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور اس اندوہناک صدمے کو برداشت کر نے کی ہمت اور توفیق کی دعا کی ۔اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ سانحہ جس میں 12افراد لقمہ اجل بنے ہیں ۔اس پر ہر دل افسردہ و غمگین اور ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی بہت بڑا ساحلی شہر ہے اور کراچی سمیت اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے بھی بڑی تعداد میں ساحلی مقامات پر تفریح کر نے جاتے ہیں ۔یہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ ان علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مؤثر انتظامات کرے ۔بدقسمتی سے ہمارے حکمران اور حکومتیں اپنی کوئی بھی ذمے داری پوری نہیں کرتیں اگر حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی ذمے داری پوری کر یں تو اس طرح کے سانحات اور حادثات سے بچا جاسکتا ہے ۔