وزیر اعلیٰ ‘ گورنرسندھ اور کابینہ ارکان کی مزار قائد پر 

471
کراچی: گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ قائداعظم کے یوم وفات پر مزار پر فاتحہ خوانی کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد زبیر نے 11ستمبر پیر کے روز قائداعظم کی 69ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر کابینہ کے اراکین کے ساتھ حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، صوبائی وزرا سہیل انور سیال، میر ہزار خان بجارانی،مکیش کمار چاؤلہ، جام مہتاب حسین ڈہر، سکندر میندھرو، امداد پتافی، محمد بخش مہر، ممتاز جکھرانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بابائے قوم نے اس ملک کو ایک طویل جدوجہد کے بعد حاصل کیا ، قائد نے جمہوری پاکستان کا سوچا تھا جہاں ہر مذہب کے لوگ امن کی زندگی بسر کرتے ہوئے رزق حلال کماسکیں۔ ہم قائداعظم کے زریں اصولوں پر کاربند رہیں گے۔



وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئی جی سندھ کے ساتھ کوئی تنازع نہیں، عدالت نے جوفیصلہ دیا ہے اس کے حساب سے چلیں گے۔انتظامی امور میں مسائل ہوتے رہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 11 ستمبر کے دن عظیم قائد ہم سے بچھڑ گئے تھے لیکن ان کے افکارآج بھی ہر مشکل مرحلے ، عوام کی فلاح و بہبود ، ملک کے استحکام ، سلامتی اور خوشحالی میں معاون و مدد گار ہیں ،عظیم قائد کی انتھک محنت ، جدوجہد اور بے لوث خدمت کے باعث برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے نظریات و رسم و رواج کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کے لیے آزاد وطن حاصل کیا ،جہاں تمام لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔