اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں، اگر امریکا نے پاکستان پر پابندیاں لگائیں تو پاکستان چین اور روس سے اسلحہ خریدنے پر مجبور ہو گا ، امریکا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں کو قبول کرنا ہو گا۔ پیر کو غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری کوششوں کو نقصان پہنچانے والا اقدام امریکی کوششوں کا ہی نقصان ہوگا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ،فوجی امداد میں کٹوتی یا ایف 16طیاروں کی فروخت کی منسوخی پر چین اور روس کی جانب جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں ، امریکا کی جانب سے عائد پابندیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خراب حالات کا ذمے دار پاکستان نہیں ، افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے ہوتے ہیں اور افغانستان سے دہشت گرد پاکستان آتے ہیں جس کی وجہ سے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانی پڑ رہی ہے ،علاوہ ازیں امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا الزام لگا کر پاکستان کو دباؤ میں لانا چاہتا ہے مگر یہ امریکا کی خام خیالی ہے ،پاکستان اس کے دباؤ میں کبھی نہیں آئے گا۔امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات بڑی اہمیت کے حامل ہیں جو کثیر الجہتی اور وسیع البنیاد ہیں ۔ پچھلے 70سالوں میں دونوں ملکوں نے جب بھی مل کر کام کیا فائدہ ہی ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی افغان پالیسی کے اعلان سے پہلے میں نے اپنی ملاقاتوں میں ٹرمپ انتظامیہ کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔ بعض باتوں پر اتفاق تھا اور بہت سی باتوں پر اتفاق نہیں بھی تھا ۔ ٹرمپ نے جو مناسب سمجھا کیا مگر ہم امریکیوں کو یہی پیغامپہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے اگر آپ نے پاکستان کو افغانستان کی نظر سے دیکھیں تو تعلقات کے ساتھ انصاف نہیں کریں گے۔