تجارتی تعلقات کے لیے اعلیٰ سطی وفد اکتوبر میں پاکستان آئے گا، ویتنامی سفیر 

298
کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر مسعود نقی ویتنام کے سفیر نگوین لوان زوکو کاٹی کی شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ویتنام کے سفیر نگوین لوان زو نے کہا ہے کہ اکتوبر میں دونوں ممالک کے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ویتنام کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا جس میں کئی اہم یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے اہم مواقع کی نشان دہی کے لیے یہ انتہائی اہم دورہ ثابت ہوگا، وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر مسعود نقی، سینئر نائب صدر غضنفر علی خان، نائب صدر عمر ریحان، سینیٹر حسیب خان، فرخ مظہر، سید واجد حسین اور دیگر نے ویتنامی سفیر کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اہم مواقع کی نشان دہی ضروری ہے۔



انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل ، الیکٹرانکس اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں دستیاب افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ ویتنام جو کہ ان شعبوں میں تیزی سے برآمدات بڑھا رہا ہے پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کے لیے کام کرے گا۔ اس موقع پر سینیٹر حسیب خان، غضنفر علی خان اور عمر ریحان نے بھی سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ سے متعلق تجاویز دیں۔ قبل ازیں ویتنام کے سفیر نگوین لوان زو نے کہا کہ ویتنامی حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے معاشی پالیسیوں میں اصلاحات کا عمل تین دہائی قبل شروع کیا تھا جس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے قوانین میں کئی تبدیلیاں لائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی، ایکسپورٹ پراسیسنگ اور سرمایہ کاری زونز بنائے گئے جب کہ ٹیکس اور دیگر مدات میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی گئیں۔



انہوں نے بتایا کہ دنیا کے 26ممالک میں ویتنامی سرمایہ کاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارت میں ہر سال تقریباً 30فیصد اضافہ ہورہا ہے، ہمارا خیال ہے کہ ٹیکسٹائل کے لیے خام مال اور فوڈ پراسیسنگ خصوصاً فشری فارمنگ اور پراسیسنگ میں ویت نامی سرمایہ کاروں کے لیے بہت کشش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویتنام ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں کے لیے درکار خام مال کی خریداری کا دائرہ مختلف مارکیٹس تک پھیلانا چاہتا ہے، ان میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر مسعود نقی نے ویتنامی سفیر کو کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔