گیس چوری روکنے کے لیے انٹیلی جنس نظام وضع کردیا‘ بریگیڈیئر ابوذر

350
ڈائریکٹر جنرل SSGCسیکیورٹی اینڈ گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری بریگیڈیئر (ر)ابو زر گیس چوری ریکوری ایکٹ پرمیڈیاکو تفصیلات بتارہے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گیس کی چوری روکنے کے لیے اٹیلیجنس نظام وضع کردیا گیا ہے جس کے تحت گیس چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ،انڈسٹریل گیس چوری یا میٹر ٹیمپرنگ پر 50 لاکھ جرمانہ اور دس سال قید ہوگی،گھریلو گیس کی چوری اور میٹر ٹیمپرنگ پر دس لاکھ جرمانہ اور چھ ماہ کی قید ہوگی، گیس چوری ،روکنے کے لیے ہم ہر جگہ کارروائی کر سکیں گے ،چھوٹے صارفین کے ساتھ بڑے صارفین کو گرفتار کر سکتے ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر سکتے ہیں،سی این جی اسٹیشن پر گیس کی فروخت اور ریکوری کے حوالے سے بھی تفصیلات جمع کیے جائیں گے۔ایس ایس جی سی کے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی اینڈ گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری بریگیڈیئر (ر)ابو ذر نے بدھ کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے مرکزی دفتر میں گیس چوری ریکوری ایکٹ پرمیڈیاکودی گئی بریفنگ میں بتایا کہ گیس کی طلب بڑھنے کے ساتھ ہی چوری کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ، گیس چوری کے واقعات میں کمپنی کے ملازمین کے ملوث ہونے کے حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں،ٹھوس شواہد سامنے آئے تو ایسے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،



سندھ میں 21گیس یوٹیلیٹی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں جو صرف گیس سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گی ،گیس چوری کی روک تھام کے لیے ہم ہرجگہ کارروائی کریں گے اور چھوٹے صارفین کے ساتھ بڑے صارفین کو بھی گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرسکتے ہیں،جتنی بڑی چوری کی کوئی نشاندہی کرے گا اتنا بڑا انعام دیا جائے گا ۔بریگیڈیئر ابوذر نے کہا کہ گیس چوروں کے خلاف ایکٹ 2016 ء کے تحت سخت کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔ایک ماہ کے اندر 10 بڑے گیس چوروں کے خلاف ایف آئی درج کی گئی ہیں،اب تک کراچی کے مختلف علاقوں جن میں بھنگوریہ گوٹھ،سہراب گوٹھ، لیاری، گڈاپ اور دیگر علاقے شامل ہیں وہاں متعدد فیکٹریوں، دکانوں اور پکوان سینٹروں میں گیس کی چوری پکڑی ہے اورچوری کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے،گیس چوروں کے خلاف سندھ میں 21 اور بلوچستان میں11 عدالتوں نے کام شروع کردیا ہے،کراچی میں 5عدالتیں کام کررہی ہیں ۔ایس ایس جی سی کے تحت گیس چوروں کے خلاف کراچی میں ایک پولیس اسٹیشن کام کررہا ہے،ایکٹ 2016 ء کے تحت کمپنی کسی بھی شخص یا ادارے کے خلاف کارروائی کرنے کا مکمل اختیار رکھتی ہے۔



انہوں نے کہا کہ اس نئے ایکٹ کے تحت انڈسٹریل گیس چوری یا میٹر ٹیمپرنگ پر 50 لاکھ جرمانہ اور دس سال قید ہوگی۔گھریلو گیس کی چوری اور میٹر ٹیمپرنگ پر دس لاکھ جرمانہ اور چھ ماہ کی قید ہوگی،بلوچستان سمیت ملک بھر میں گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچانے دھماکہ خیز مواد اڑانے پر سزائیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرائم کا ریشو بہت زیادہ ہے،کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں گیس سے بڑے بڑے جنریٹر چلائے جاتے ہیں اور فی دکان دو ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں ،یہ رقم آگے جاکر جرائم کی وارداتوں میں استعمال کی جاتی ہے،گیس کی چوری روکنے کے لیے تاجر تنظیموں اور نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔بریگیڈیئر ابوذر نے کہا کہ گھریلو صارف کو ہر ممکن سہولت دیں گے لیکن وہ چوری نہ کریں،ایکٹ کے تحت چوری کی اطلاع دینے والا مجموعی ریکوری کے پانچ فیصد کا حقدار ہوگا،جانتے ہیں گیس چوروں کے مددگار ادارے میں موجود ہیں،ایس ایس جی سی کو نقصان پہنچانے والے ملازمین سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ گیس چوری پہلے بہت زیادہ تھی جس کو کنٹرول کیا ہے۔