تنخواہوں سے محروم خواتین اساتذہ کی خودسوزی کی کوشش

391
پریس کلب: ٹیچر ایسوسی ایشن سندھ کے ارکان کو سی ایم ہاؤس میں جانے سے پولیس اہلکار روک رہے ہیں، دوسری جانب مظاہرین دھرنا دیے ہوئے ہیں (فوٹو: جسارت)

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گزشتہ5سال سے تنخواہوں سے محروم احتجاجی اساتذہ اور اسپیشل سیکرٹری تعلیم سندھ کے درمیان تنخواہوں کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات ناکا م ہو گئے جس کے باعث ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ اور نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کا کراچی پریس کلب پر تنخواہوں کے لیے جاری ا حتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ۔گزشتہ روز احتجاجی اساتذہ نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی مگر پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا جبکہ لیاری سے تعلق رکھنے والی خواتین اساتذہ نے خود سوزی اور ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو نے پٹرول پی کرخود کشی کی کوشش کی جسے موقع پر موجود اساتذہ نے ناکام بنادیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سال2012ء میں محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے بعد سے اب تک تنخواہوں سے محروم اساتذہ نے جمعرات کی شام ایک بار پھر وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کے لیے پیش قدمی کی تو کچھ ہی دورموجود پولیس نے اساتذہ کا راستہ روک دیا ۔



اساتذہ نے وہیں کھڑے ہوکر سخت نعرے بازی کی۔اساتذہ ہماری تنخواہیں جاری کرو،روٹی کپٹرا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں ہماری تینوں چیزیں مت چھینو کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔اس دوران اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن اختر عنایت بھرگڑی وہاں پہنچیں اور انہوں نے اساتذہ کے ساتھ مذکرات کیے جس میں نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو اور ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر ظہیر بلوچ شامل تھے جبکہ سانگھڑ ،خیرپور اور گھوٹکی کے اساتذہ کی نمائندگی عثمان انڑ،مٹھیاری کی عبد الحفیظ بھتو اور نو شہرو فیروز کی نمائندگی مدثر سہتو نے کی۔اسپیشل سیکرٹری تعلیم نے اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں سے کہا کہ انہیں 2ماہ کی مہلت دی جائے تاکہ اسکروٹنی کر کے اس مسئلے کو حل کیا جا سکے فی الوقت یہ دھرنا ختم کر دیا جائے



جس پر نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو اور ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر ظہیر بلوچ نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا اس وقت تک ختم نہیں کیا جائے گا جب تک محکمہ اسکول ایجوکیشن کراچی سمیت سندھ کے مختلف ڈسٹرکٹ کے اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرنے کا شیڈول ہمیں نہیں دے دیتا۔ مذاکرا ت کی ناکامی کے بعداساتذہ کا احتجاج آج جمعہ کو چوتھے روز میں داخل ہو جائے گا،دوسری جانب اسپیشل سیکرٹری تعلیم نے 18ستمبر بروز پیر کو سیکرٹری تعلیم سندھ عبدالعزیز عقیلی سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے جس میں اس مسئلے کا اٹھایا جائے گا اور احتجاجی اساتذہ نتیجہ خیز مذاکرات کریں گے۔