داؤد چورنگی تا مرتضیٰ چورنگی 8000روڈتعمیرکرنے 

384
داؤد چورنگی تا مرتضیٰ چورنگی روڈ 8000 کی تباہ حالی پر جماعت اسلامی لانڈھی شرقی زون کے تحت فیوچر موڑ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبدالجمیل خان و دیگر ذمے داران احتجاج کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سے اربوں روپے ٹیکس وصول کرنے والے حکمرانوں کو کراچی کے عوام کا احساس نہیں ہے۔ بلدیاتی اداروں نے اپنی نااہلی سے کراچی کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ روڈ 8000 گزشتہ کئی ماہ سے تباہی کا شکار ہے اور موئن جودڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔ روزانہ درجنوں گاڑیاں حادثات کا شکار ہورہی ہیں۔ ٹرانسپورٹروں اور عوام کے لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ میئر کراچی وسائل کا رونا رو کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈال رہے ہیں۔ روڈ8000 داؤد چورنگی تا مرتضیٰ چورنگی فوری طور پر ازسر نو تعمیر نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی سخت احتجاجی تحریک چلائے گی۔ یہ بات جماعت اسلامی لانڈھی شرقی زون کے تحت فیوچر کالونی لانڈھی میں روڈ 8000 کی تباہ حالی پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے ڈپٹی سیکرٹری محمد کامران نواز، امیر زون محمد نواز خان، پبلک ایڈ کمیٹی لانڈھی شرقی کے صدر شوکت علی ربانی، یوسی داؤد چورنگی کے وائس چیئرمین معراج محمد خان سواتی، سیکرٹری مسعود اختر، مولانا عبد المقتدر ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔



عبد الجمیل خان نے کہا کہ روڈ 8000 جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔ لیکن بلدیاتی اداروں کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ روڈ مکمل طور پر برباد ہوچکا ہے۔ کئی کئی فٹ گہرے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور یہاں پر ملک بھر کے لیے چلنے والے ہیوی ٹریفک اور ٹرالر حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ میئر کراچی کو عوام کی پریشانیوں کا احساس نہیں ہے اور غریبوں کی مضافاتی بستیوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی فوری طور پر روڈ 8000 کی تعمیر کا اعلان کرے ورنہ جماعت اسلامی سخت احتجاج کرے گی۔ اس موقع پر ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین جان محمد نے بھی جماعت اسلامی کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ۔ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اول روز سے کے ایم سی کے ذمے داران اور میئر کو روڈ8000 کی تباہ حالی پر توجہ دلارہے ہیں لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میئر کراچی کو کراچی کی غریب آبادیوں کی کوئی پروا نہیں اور کچی آبادیاں ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔



حکومت اربوں روپے کے وسائل ہونے کے باوجود اس اہم روڈ کو نظر انداز کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے لگایا جانے والا کیمپ مثبت اقدام ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ڈی ایم سی ملیر عوام کی پریشانیوں اور مشکلات کے حل کیلیے ہر سیاسی ومذہبی جماعت کے ساتھ ہے۔ امیر زون محمد نواز خان نے کہا کہ داؤد چورنگی تا مرتضیٰ چورنگی مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہے اور حادثات روز کا معمول بنے ہوئے ہیں اور یہاں کے رہنے والے شدید اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مسلسل تین دن تک احتجاجی کیمپ لگائے گی اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔