اینٹی نارکوٹکس فورس کے تحت منشیات کے نقصانات پر آگاہی واک 

478
اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے تحت برما کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک کی قیادت برگیڈیئر نورالحسن کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے زیر اہتمام جمعرات کو نوجوانوں میں منشیات کے استعمال اور اس کے نقصانات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے کریم آباد سے عائشہ منزل تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔واک کے انعقاد کا مقصد منشیات کے استعمال کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور تعلیمی اداروں اور والدین کو اس کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ترغیب دینا تھا۔واک میں فورس کمانڈر اے این ایف سندھ بریگیڈئر نور الحسن ،معروف سماجی رہنما انصار برنی سمیت سول سوسائٹی کے ارکان ،پولیس ،طلبہ اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بریگیڈئر نورالحسن نے بات چیت کرتے ہوئے میڈیا کے کردار کو سراہا



اور مزید کہا کہ اے این ایف نہ صرف منشیات کی نقل و حمل روکتی ہے بلکہ نشے کی لت میں مبتلا لوگوں کے لیے کراچی میں ایک جدید ترکِ منشیات و بحالی مرکز قائم کیا گیا ہے اور جلد ہی سندھ کے دوسرے شہروں میں ایسے مراکز کام کرنا شروع کر دیں گے ۔ اس موقع پر انصار برنی نے کہا کہ منشیات ایک پوشیدہ دہشت گردی ہے جس سے ہم سب نے مل کر لڑنا ہے اور اس ضمن میں اے این ایف کا کردار نہایت قابلِ تعریف ہے۔ واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے انسداد منشیات کے حوالے سے ملک بھر میں ورکشاپس ،اسپورٹس ایونٹس اور سیمینارز منعقد کرانے کے پروگرامز ترتیب دیے ہیں۔