اگلے مرحلے میں غیرملکی ٹیموں کا دورہ پاکستان ممکن ہوسکے گا‘ آئی سی سی

137

دبئی(جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ہے۔آزادی کپ کی کامیابی کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی یقینی ہوگئی اور سری لنکن ٹیم بھی اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں ایک ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی کے ڈائریکٹر جائلز کلارک اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیریز نے پاکستان کے کرکٹ کے جذبے اور محبت کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹرز کو پاکستان کے ماحول میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا ۔کلارک اور رچرڈسن نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے دو طرفہ بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ اور مستحکم بحالی کے لیے چھوٹے اقدامات ہیں اور اس بات کا اشارہ کیا کہ اگلے مرحلے میں ایک مکمل ملکی ٹیموں کا دورہ ممکن ہو سکے گا۔جائلز کلارک نے آزادی کپ کے پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کی جس پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیاہے۔ انہوں نے گراؤنڈ میں موجود پاکستانی شائقین کی خوشی پر بھی اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔



ان کا کہنا تھا کہ لاہور ایک ایسا شہر ہے جہاں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں رواں دواں رہتی ہیں اور یہاں پر بین الاقوامی میچ ہونا انتہائی مثبت قدم ہے۔جائز کلارک نے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو بھی سراہا اور ان تمام لوگوں کی تعریف کی جنہوں نے اس سیریز کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔جائز کلارک نے قومی کرکٹ ٹیم کو باہمت ٹیم قرار دیا اور کہا کہ جلد باقاعدہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے میچز ہوں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے آزادی کپ کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت کی تھی جس پر انہوں نے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس سیریز کا مقصد اس بات کی نشاندہی کرنا ہے کہ پاکستان کہ حالات بدل چکے ہیں، یہاں کے حالات وہ نہیں رہے جو ماضی میں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کوئی جادو نہیں بلکہ پی سی بی کی محنت ہے،اس کی بحالی کے لیے پہلا قدم پی ایس ایل تھا جب کہ دوسرا قدم آزادی کپ لیا گیا تاہم اب امکان کیا جاسکتا ہے کہ جلد ہی باقاعدہ انٹرنیشل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔رچرڈسن نے سیریز کی کامیابی پو خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔