ورلڈ الیون کی وطن واپسی‘ بہترین سیکورٹی پر حکام کاشکریہ

148

لاہور(جسارت نیوز) ورلڈ الیون کے کھلاڑی آزادی کپ کھیلنے کے بعد سخت سیکورٹی میں واپس اپنے اپنے ممالک چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 3 میچوں پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پذیرہوتے ہی ورلڈ الیون کے انٹرنیشنل کرکٹرزلاہورسے غیرملکی ائرلائن کی پروازای کے 625 کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی حصار میں نجی ہوٹل سے علامہ اقبال ائرپورٹ پہنچایا گیا۔ کھلاڑیوں کے لیے خصوصی بلٹ پروف بسوں کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ ہوٹل سے ایئرپورٹ روانگی کے دوران گورنر ہاوس اورمال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا اور رینجرز کے ساتھ ساتھ اضافی پولیس اہلکار روٹ پر تعینات کیے گئے تھے۔اس موقع پرورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ائرپورٹ سیکورٹی حکام کا ان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔



انہوں نے کہا کہ اس دورے کے بعد پاکستان میں دیگر ٹیموں کی آمد کیلئے پر امید ہوں۔فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی واپسی کے لیے کھیل کا حصہ بننے پر فخر ہے۔