شوگرملزمافیا عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے، یوسف گل

147

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی67کے امیرمحمدیوسف گل پراچہ اور جنرل سیکرٹری محمدبلال انور نے اپنے مشترکہ بیان میں چینی کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آٹا، چینی، چاول، دال کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اورجمہوریت کی دعویدار حکومت نے چینی کی قیمت میں فی کلو8 روپے اضافہ کرکے عوام پرمہنگائی کی بمباری کی اپنی روایت جاری رکھی ہے۔ حکومت عوام سے چینی کے فی کلو پر 8 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے۔یوسف گل پراچہ نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نان ایشوز پر سیاست اور عوام لڑاؤ حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،روز مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا دو بھر کردیا گیا ہے جبکہ عوام کی داد رسی کرنے کرنے والا بھی کوئی نہیں ہے۔



حکومت کے اندر اور باہر موجود شوگر ملز مافیا اپنے مفادات کے لیے عوام کا خون نچوڑنے پر سو فیصد متفق ہے مگر انہیں کوئی ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی گنے کے کاشتکار مناسب نرخ کے لیے سراپا احتجاج بنے رہے۔ اس سال بھی شوگرملزمافیا عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے، حکومت کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی بھی انہی ملزمافیا کودی جاتی ہے، اس کے باوجود چینی کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے عوام کی زندگی تنگ کی جارہی ہے جو کہ حکومتی وعدوں اوردعووں کی سراسرنفی ہے۔