ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز‘ پاکستان نے ابتدائی روز 7تمغے حاصل کرلیے

199

اشک آباد(جسارت نیوز) پانچویں ایشین انڈور اور مارشل آرٹس گیمز اشک آباد، ترکمانستان میں شروع ہو گئے، پاکستان نے ابتدائی روز ایک طلائی، 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغے جیت لیے، پاکستان کے شاہ زیب نواز جنجوعہ اور محمد رفیق صدیق نے جو جٹسو مینز ڈیو شو میں تھائی لینڈ کو ہرا کر ملک کیلئے پہلا طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ اتوار کو پانچویں ایشین انڈور اور مارشل آرٹس گیمز ترکمانستان میں شروع ہو گئے، ابتدائی روز پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 7 تمغے جیتے جس میں ایک طلائی، 2 چاندی اور4 کانسی کے تمغے شامل ہیں، مینز جو جٹسو ایونٹ میں شاہ زیب اور رفیق نے ڈیو شو ایونٹ میں تھائی لینڈ کو ہرا کر ملک کیلئے پہلا طلائی تمغہ اپنے نام کیا، مینز ڈیو کلاسک ایونٹ میں ابو ہریرا اور عمار پر مشتمل پاکستانی جوڑی نے ابتدائی میچ میں تاجکستان کو شکست دے اور دوسرا میچ تھائی لینڈ کے خلاف ٹائی کیا، طلائی تمغے کے میچ میں اسے میزبان ترکمانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسطرح پاکستانی جوڑی چاندی کے تمغے کی حقدار ٹھہری،



مکسڈ ڈیو کلاسک ایونٹ میں شازیب نواز اور رفیق صدیق نے کانسی کا تمغہ جیتا، ویمنز ڈیو کلاسک ایونٹ میں پاکستان کی سونیا منظور اور کومل ایمانوئل نے کانسی کے تمغے جیتے، ویمنز ڈیو شو میں اسی جوڑی نے کانسی کا تمغہ جیتا، مکسڈ ڈیو کلاسک ایونٹ میں شازیب نواز اور رفیق صدیق نے کانسی کا تمغہ جیتا، مکسڈ ڈیو شو میں رفیق اور کومل پر مشتمل پاکستانی جوڑی کو فائنل میں میزبان ترکمانستان کے ہاتھوں شکست ہوئی اسطرح چاندی کا تمغہ پاکستان کے حصے میں آیا، ٹریڈیشنل ریسلنگ میں پاکستان کی عنبرین مسیح نے 58 کلو گرام کیٹگری میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ واضح رہے کہ گیمز میں پاکستان کا 119 رکنی دستہ حصہ لے رہا ہے۔