لاہور(جسارت نیوز)ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ الیون کے خلاف کامیابی کے بعد شاہینوں کا اگلا امتحان سری لنکا کے خلاف ہو گا ،آئی لینڈرز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون کے خلاف اپنے ہوم گراونڈ اور کراؤڈ کے سامنے کامیابی کے بعد گرین شرٹس کا اگلاامتحان سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہو گا ،آئی لینڈرز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی ٹیم کا تر بیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔7 برس بعد پہلی مرتبہ قومی ٹیم مصباح الحق اور یونس خان کے بغیرٹیسٹ سیریز کھیلے گی ۔قومی سلیکشن کمیٹی نے تربیتی کیمپ میں اظہر علی ، شان مسعود، سمیع اسلم ،احمد شہزاد ،بابر اعظم ،اسد شفیق،حارث سہیل ،عثمان صلاح الدین ،سرفراز احمد ،محمد رضوان،یاسر شاہ ،محمد اصغر ،بلال آصف ، میر حمزہ ،محمدعامر،محمد عباس اور وہاب ریاض کو طلب کررکھا ہے ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28ستمبر سے ابوظہبی میں شروع گا ۔
دوسری طرف پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کامیاب ترین بیٹسمین اظہر علی گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے ، جس کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کے گھٹنے کی پرانی تکلیف دوبارہ ابھر آئی ہے، جس کے سبب وہ خاصی مشکل سے دو چار ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اظہر علی مکمل فٹ نہیں۔سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ شروع ہونے میں ابھی 10 دن ہیں۔ امید ہے کہ وہ فٹ ہو جائیں گے لیکن فی الحال ان کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے ۔مینجمنٹ کی تجویز ہے کہ اظہر علی سمیت اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد 17کردی جا ئے۔