عالمی ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو کھیلوں کے لیے ساز گار ملک قرار دے دیا

312

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ( آئی ٹی ایف) ماسیمو موریلی نے پاکستان کو کھیلوں کیلیے سازگار ملک قرار دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ٹائی میں انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ثناء اللہ امان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی میں پی ٹی ایف نے بہترین انتظامات کیے تھے جس پر آئی ٹی ایف کے ریفری نے بھی اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کو کھیلوں کیلئے ساز گار ملک قرار دیا ہے۔ سیکرٹری نے کہا کہ تھائی لینڈ کی ٹیم نے بھی پاکستان میں کھیلنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں پر سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور پاکستان کھیلوں کیلئے ساز گار ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن ملک میں زیادہ سے زیادہ عالمی مقابلے پاکستان لانے کی کوشش کریں گے۔ تھائی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں کامیاب انعقاد کے بعد دیگر انٹرنیشنل کھلاڑی بھی جلد پاکستان کا رخ کریں گے۔ ثناء اللہ امان نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کو3 بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی بھی دی ہے۔



اس ایونٹ کیلیے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی ۔انہوں نے مزیدکہا کہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ٹینس کورٹ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا اعلان کیا ہے اور اسے پاکستانی بین الاقوامی ٹینس اسٹار اعصام الحق کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ثناء اللہ امان نے بتایا کہ پی ٹی ایف نے تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کیلئے گراس کورٹ بنایا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹائی کے میچز بھی کھیلے گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اس ٹینس کورٹ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا اس ٹینس کورٹ کو اعصام الحق قریشی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹینس کورٹ میں زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کی گنجائش ہوگی اور انہیں عالمی مقابلوں کے میچز یہاں پر دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس کورٹ پر تمام ٹینس کے عالمی مقابلے کھیلیں جائیں گے۔