بھارت سی پیک کو کمزور کرنے کی سازش کررہا ہے، محمد الطاف

206

لاہور (وقائع نگار خصوصی) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے قائم مقام منتظم اعلیٰ محمد الطاف نے کہا کہ بھارت سی پیک کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ بھارت کسی بھول میں نہ رہے کہ پاکستانی عوام اس کے ناپاک عزائم کو کسی صورت میں کامیاب ہونے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی ذمے داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دوست ممالک کے ساتھ ملکر سی پیک کے خلاف سازشیں کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہے جو کہ پاکستان میں کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ بھارت پہلے بھی بلوچستان کے عوام کو پاکستان کیخلاف کرنے کی کوششیں کرتا رہا لیکن ان تمام کوششوں کو بلوچستان کے غیور عوام نے ٹھکرا دیا ہے۔



انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خطے کے امن کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم میں بھارت ملوث ہے کیوں کہ برمی رہنما سوچی اور بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد بھارت کے مہرے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برما کے بعد بھارت نے برمی مسلمانوں کو اپنے ملک سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف جمعیت طلبہ عربیہ بھرپور آواز اٹھائے گی۔