سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان

240

لاہور(جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے 16رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ۔مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔فٹنس مسائل کا شکار اظہر علی اور یاسر شاہ کو کلیئرنس کے بعد ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ رضوان احمد ،احمد شہزاد کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا،میر حمزہ پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ سمیع اسلم کو ایک سال کے وفقے کے بعد دوبارہ موقع دیا گیا ہے، حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین کو مصباح الحق اور یونس کا متبادل سمجھ کر موقع دیا گیا ہے۔ پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں اظہر علی ،شان مسعود ،سمیع اسلم ،بابر اعظم ،اسد شفیق ،حارث سہیل ،سرفراز احمد ( کپتان ) ،عثمان صلاح الدین ،محمد عامر ،حسن علی ،محمد اصغر ،یاسر شاہ ،محمد عباس ،بلال آصف ،میر حمزہ اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔



میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ یاسر شاہ اور اظہر علی فٹنس مسائل کا شکار تھے ۔یاسر شاہ نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیا ہے اسلئے انہیں ٹیم کا حصہ بنایاگیا ہے۔اظہر علی کو گھنٹے کی تکلیف تھی اور وہ ٹیم کے اچھے بلے باز ہیں ۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ وہ انجکشن لگا کر کھیل سکتے ہیں اسلئے وہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں ۔شان مسعود کو مزید چانس دینا چاہتے ہیں کیونکہ وہ باصلاحیت کرکٹرز ہیں ۔ہماری ٹیم میں 5 فاسٹ بولرز 3 اسپنرزشامل کیئے گئے ہیں جو کافی باصلاحیت ہیں۔ وہاب ریاض کافی تیز بولر ہیں ۔محمد عامر ،حسن علی ،محمد عباس،میر حمزہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ خواہش ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ ایسے فاسٹ بولر ملیں جن کی اسپیڈ 150پلس ہو لیکن بولر میں ا سپیڈ کے ساتھ ساتھ دوسری کوائلٹی بھی ہونی چاہئے ۔ہمارا فاسٹ بولنگ اسکواڈ بہترین ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شان مسعود کو مذید چانس دیا جارہا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کریں ۔سلمان بٹ نے ڈومیسٹک میں کافی اچھا پرفارم کیا ہے ۔



اس کو کیمپ میں رکھا ہے ۔اس کی فٹنس اچھی ہے لیکن 6 سال کے بعد یکدم انٹرنیشنل کرکٹ میں لانے سے پہلے اسے کسی اور دورہ میں موقع دیں گے ۔اسے نظر انداز نہیں کیا جارہا ۔انضمام الحق نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوگی لیکن قومی ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی ان کی کمی کو پورا کریں گے ۔مصباح الحق کی کپتانی سے ریٹائرمنٹ کے بعد سرفرا ز احمد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں کپتانی کریں گے لیکن وہ اچھے کپتان ہیں اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔سرفراز احمد کو اس بات کا احساس ہے کہ بطور کپتان وہ زیادہ سے زیادہ اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں ۔کپتانی کے لئے سرفراز احمد بہترین چوائس ہیں ۔ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ موقع دیا گیا ہے ۔یو اے ای کی کنڈیشز قومی ٹیم کے لئے موزوں ہیں ،ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتی آرہی ہے اور امید ہے کہ وہ پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھے گی ۔