ملک میں انٹر نیشنل مقابلوں کی بحالی کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں، سابق انٹر نیشنل ہاکی پلیئر مبشر مختار

211

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق انٹر نیشنل ہاکی پلیئر مبشر مختار نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملک میں انٹر نیشنل مقابلوں کی بحالی کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں، کراچی میں شیڈول نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ اور ہال آف فیم ورلڈ الیون کی پاکستان آمد اور آئندہ سال اپریل میں پاکستان سپر ہاکی لیگ کے انعقاد کے بعد ملک میں عالمی مقابلے مکمل طور پر بحال ہو جائینگے۔ میڈیا سے بات چیت میں مبشر مختار کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل اولمپیئن شہباز احمد سینئر کی سرپرستی میں ہونیوالے فیصلوں اور اقدامات سے پاکستان بہت جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلیگا ، انہوں نے کہا کہ دبئی میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدیداروں سے ہونیوالی کامیاب ملاقات کے قومی کھیل ہاکی پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔، نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے سلسلے کی کڑی ہے جس میں 11 انٹر نیشنل گول کیپرز شرکت کرینگے۔