بھارت کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز میں کم بیک کریں گے، ا سٹیون ا سمتھ

178

اندور (جسارت نیوز) آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ا سٹیون ا سمتھ نے کہا ہے کہ بھارت کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز میں کم بیک کریں گے۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا ون ڈے آج اندور میں کھیلا جائے گا اور میزبان ٹیم کو5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تیسرے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے، شکست کی صورت میں سیریز بھی ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گی اسلئے ہم کوہلی الیون کے خلاف تیسرے ون ڈے میں مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی2 میچز میں بلے بازوں کی کارکردگی باعث تشویش ہے لیکن امید ہے کہ کھلاڑی اگلے میچز میں غلطیاں نہیں دوہرائیں گے۔



انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اسے زیر کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی، بحیثیت کپتان میری بھی کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ فتوحات کے سفر پر گامزن کروں۔بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آج مدمقابل ہوں گی، میزبان بھارت کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل، کینگروز کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے اور بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ شکست کی صورت میں اسے سیریز سے بھی ہاتھ دھونا پڑ ے گا، مسلسل فتوحات کے بعد بھارتی ٹیم کا مورال بلند ہے اور وہ تیسرا میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پر جوش ہے تاہم دوسری جانب شکست خوردہ آسٹریلوی ٹیم تیسرا میچ جیت کر سیریز میں کم بیک کرنے کی خواہاں ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا میچ 28 ستمبر جبکہ 5واں اور آخری میچ یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3، ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔