مظفر آباد(صباح نیوز) حزب سربراہ اورمتحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان نے بھارتی حکمرانوں کے جمہوری چہروں میں چھپے بھیانک روپ کو بے نقاب کرکے کشمیری عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا۔حریت پسند قوم اس پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے متحدہ جہاد کو نسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پوری دنیاکو یہ واضح پیغام دیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی رائے کے عین مطابق حل نہیں کیا جائے گا ،خطے میں دائمی امن کا خواب دیکھنا ایک سراب سے کم نہیں ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم کی اس تجویز کو بھی سراہا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کو سیکورٹی کونسل کی قرادادوں پر عمل درآمدکے لیے خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا مطا لبہ کیا ہے۔ چیئر مین جہاد کو نسل نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرنے میں اب تک ناکام ہو چکا ہے اور اس ناکامی کا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ بھارت کشمیری عوام پربے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے ۔اگر عالمی برادری یو نہی تماشہ دیکھتی رہی تو وہ دن ضرور آئے گا جب جموں و کشمیر کے عوام کا عالمی اداروں پر سے اعتماد مکمل طور پر ختم ہوگا اور اگر صورتحال وہاں پہنچی تو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن پر بھی اس کے نتائج منفی ہوں گے ۔